Breaking

انڈیا میں 100 سے زائد باراتیوں کو کورونا، دلہا اگلے دن ہلاک

انڈین ریاست بہار میں ایک شادی کی تقریب کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بن گئی جبکہ دلہا بارات سے اگلے دن ہلاک ہو گیا جس کا کورونا ٹیسٹ نہیں ہو سکا کیونکہ اہل خانہ نے اُس کی آخری رسومات ٹیسٹ سے پہلے ہی ادا کر دی تھیں۔


انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 15 جون کو ہونے والی اس شادی میں 350 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔ دلہے کو شادی کے دوران اسہال کی شکایت ہوئی جسے کورونا کی علامت سمجھا جاتا ہے۔


اسہال کی شکایت کے بعد دلہے کو پٹنا کے ہسپتال میں داخل کروانا پڑا لیکن مبینہ طور پر دلہے کے گھر والوں نے شادی کی تقریب کو منسوخ کرنے سے انکار کر دیا۔


انتظامیہ کو اس واقعے کی خبر اس وقت ہوئی جب کسی نامعلوم شخص نے انہیں اطلاع دی لیکن اس وقت نوجوان کا کورونا ٹیسٹ نہیں کیا جاسکتا تھا کیونکہ اس کے گھر والے اس کی آخری رسومات بھی ادا کر چکے تھے۔


ابتدائی طور پر دلہے کے 15 رشتہ داروں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جو مثبت آئے اور اس کے بعد 24 سے 26 جون تک ایک سپیشل کیمپ لگا کر شادی میں شریک ہونے والے دیگر افراد کے ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 86 مثبت آئے جن کو آئسولیٹ کیا گیا۔


واضح رہے کہ انڈیا میں 50 سے زیادہ افراد شادی کی تقریب میں شریک نہیں ہو سکتے اور ضلعی انتظامیہ نے شادی کی تقریب میں 50 افراد سے زائد کی شرکت پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔


انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہیل کی تھی جن میں ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ قائم کرنا شامل ہے۔


انڈیا وبا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ ملک میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 840 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 16 ہزار 900 کے قریب ہلاکتیں ہوئی ہیں۔



2 comments: